منگل23؍ذیقعد 1444ھ13؍جون2023ء

بپرجوائے، کراچی اور دیگر شہروں میں آج سے گرج چمک کیساتھ بارش متوقع

سمندری طوفان کے باعث آج سے کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول میں بارشیں متوقع ہیں۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج گرد آلود ہوا چل سکتی ہے، دوپہر یا شام میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بپرجوائے طوفان کا کراچی اور ٹھٹھہ سے فاصلہ مزید کم ہو گیا، رات 12 بجے سے پہلے 530 کلو میٹر دوری پر ریکارڈ کیا گیا۔

ٹھٹھہ، بدین اور سجاول سمیت ساحلی پٹی سے لوگوں کا انخلاء تیز ہو گیا، متاثرہ خاندانوں کی ریلیف کیمپوں میں منتقلی بھی جاری ہے۔

ممکنہ سمندری طوفان بپرجوائے کے اثرات پہنچنے لگے، کراچی کے ساحلی علاقوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے لگا۔

کراچی کی ساحلی بستیوں چشمہ گوٹھ اور ابراہیم حیدری میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے لگی۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان بپرجوائے کے زیرِ اثر کراچی میں آج موسم مرطوب اورگرم رہنے کا امکان ہے تاہم  شہر میں آج گرد آلود ہوا چل سکتی ہے اور دوپہر یا شام میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ہے۔

کراچی میں آج صبح میں ہی پارہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

شہرِ قائد میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 30.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.