جوز بٹلر کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ نے مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
سری لنکا نے ابتدا میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 کے مجموعے تک جیسن رائے، ڈیوڈ ملان اور جونی بیئرسٹو کو پویلین پہنچا دیا تھا۔
جب انگلینڈ کی ٹیم 10 اوورز میں صرف 47 کے اسکور پر تھی تو اس وقت ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ جیسے ایونٹ کی اب تک کی ناقابلِ شکست ٹیم سری لنکا کو چھوٹا ہدف دے پائے گی، تاہم ایسے میں جوز بٹلر اور ایون مورگن نے اننگز کا دھارا بدل دیا۔
جوز بٹلر نے رواں ایونٹ کی پہلی سنچری بناڈالی، انہوں نے 67 گیندوں پر 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 101 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے بٹلر کے علاوہ کپتان ایون مورگن نے 36 گیندوں پر 40 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تھی۔
ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی قابلِ ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکا، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بناسکی۔
خیال رہے کہ ایونٹ میں اب تک انگلینڈ کی ٹیم نے 3 میچز کھیلے اور اس نے تینوں میں کامیابی حاصل کی۔
دوسری جانب سری لنکا کی ٹیم بھی اتنے ہی میچز کھیل چکی ہے جس میں اسے صرف ایک فتح نصیب ہوئی جبکہ دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم یہ میچ جیت کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی جبکہ شکست کی صورت میں سری لنکا کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کم رہ جائیں گے۔
Comments are closed.