بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بورڈ کی سمت سے مطمئن نہیں، سابق چیئرمین پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود پی سی بی کی سمت سے مطمئن نہیں، وہ کہتے ہیں کہ بورڈ بس گلیمر چاہتا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن لاہور قلندرز کے قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے کہا کہ میں اس وقت پاکستان کرکٹ کی سمت سے مطمئن نہیں ہوں۔

پی سی بی کے عہدیداران کی توجہ گلیمر کی طرف ہوتی ہے، بین الاقوامی کرکٹ کرالیں تاکہ واہ واہ ہو، اس سے میڈیا میں کوریج بھی ملتی ہے، بیانات چھپتے ہیں، لیکن سمجھنے کی بات یہ ہے کہ اصل کرکٹ گراس روٹ ہے، لیکن اس میں گلیمر نہیں ہے، اس لیے اس پر کرکٹ بورڈ توجہ نہیں دیتا اور دوسرے اسٹیک ہولڈرز بھی اس کی طرف نہیں آتے۔

خالد محمود نے کہا کہ میں اب کلب کرکٹ کے بارے میں کچھ نہیں سنتا اور نہ پڑھنے کو ملتا ہے، بس کہا جا رہا ہے کہ اسکروٹنی ہو رہی ہے، ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے، لیکن چار سال ہونے کو ہیں اب تک کوئی پروگرام مرتب نہیں کیا جا سکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ٹیموں کا آنا بہت ضروری ہے، دہشت گردی کے معاملات رہے ہیں پھر کوویڈ کی صورتحال پیدا ہو گئی، اب ٹیموں کا آنا کامیابی ہے لیکن اصل کامیابی کلب کرکٹ کرانا ہے کیونکہ کلب کرکٹ سے بڑے بڑے کھلاڑی نکلے ہیں، ٹیلنٹ ختم ہونے کی باتیں درست نہیں نچلی سطح پر توجہ دیں بہت ٹیلنٹ ملے گا۔

خالد محمود نے کہا کہ پروفیشنل اور مکمل کرکٹر بننے کے لیے نچلی سطح پر سہولیات ملنی چاہئیں جو اب لاہور قلندرز مہیا کر رہی ہے۔

قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر جیسی سہولیات کسی پرائیویٹ ادارے کے پاس نہیں ہیں، اس کا پی سی بی کی سہولیات سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے بلکہ کئی سہولیات میں یہ سینٹر بہتر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز نے پہلے بھی کھلاڑی دیئے ہیں اس سینٹر کی وجہ سے مزید ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.