بوئنگ کو اپنے ’737 میکس‘ طیاروں کی فراہمی میں تاخیر کا سامنا

بوئنگ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ نے کہا ہے کہ ’737 میکس‘ قسم کے طیارے بنانے میں کمپنی کو ایک مسئلے کا سامنا ہے جس کی وجہ ان طیاروں کی ’خاصی بڑی تعداد‘ کی فراہمی میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

بوئنگ کے مطابق طیاروں کے پرزے فراہم کرنے والی کمپنی نے بتایا ہے کہ بوئنگ 737 میکس کے عقبی حصے میں لگائی جانے والی فِٹنگز معیار کے مطابق نہیں ہیں۔

تاہم کمپنی کا کہنا تھا کہ اس سے 737 میکس کے حفاظتی انتظامات کو کوئی فوری مسئلہ نہیں ہے اور اس وقت جو فضائی کمپنیاں 737 میکس استعمال کر رہی ہیں انھیں چاہیے کہ وہ ان طیاروں کا استعمال جاری رکھیں۔

دنیا میں شہری ہوا بازی کی صنعت کو گزشتہ کچھ عرصے سے مسافر بردار طیاروں کی کمی کا سامنا ہے اور خدشہ ہے کہ بوئنگ کے اس بیان کے بعد فضائی کمپنیوں کے مسائل میں اضافہ ہو جائے گا۔

جہاز کے عقبی کے حصے کی فٹنگز کے مسئلے کی وجہ سے بوئنگ 737 میکس سیریز کے تمام طیاروں کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے، جن میں میکس 7، میکس 8، اور میکس 8200 شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بوئنگ کے ’ پی8 ‘ قسم کے وہ طیارے بنانے میں بھی تاخیر ہو سکتی ہے جو فضائی نگرانی کے کام آتے ہیں۔

اپنے بیان میں بوئنگ کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے اس مسئلے کے حوالے سے (امریکہ کے شہری ہوا بازی کے نگران ادارے) فیڈرل ایوئیشن اتھارٹی کو مطلع کر دیا ہے، ہم اپنے طیاروں کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں اور جہاں ضروری ہے وہاں نئے پرزے لگا رہے ہیں۔‘

بوئنگ کے مطابق اس نے اپنے میکس طیاروں کے خریداروں کو بتا دیا ہے کہ جب تک نئے طیاروں میں ضروری رد وبدل کا کام مکمل نہیں ہوجاتا وہ ’مستقبل قریب میں نئے طیاروں کی توقع کم رکھیں۔‘

بوئنگ کے اس بیان کے چند گھنٹے کے اندر اندر کمپنی کے حصص میں پانچ فیصد سے زیادہ کمی دیکھنی میں آئی ہے۔

بوئنگ کو حالیہ عرصے میں طیاروں کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے اور میکس 737 میں تاخیر اس سلسلے کی تازہ کڑی ہے۔

اس سے پہلے بوئنگ کے ’787 ڈریم لائنر‘ قسم کے طیاروں کو کمپیوٹر میں مسئلے کا سامنا رہا ہے اور کچھ عرصے کی پابندی کے بعد گزشتہ ماہ ہوا بازی کے نگران ادارے نے بوئنگ کو دوبارہ 787 کی فروخت کی اجازت دے دی تھی۔ بوئنگ پر یہ پابندی اس سال فروری میں لگائی گئی تھی۔

جب سے کووڈ 19 کی وجہ سے لگائی جانے والی سفری پابندیاں ختم کی گئی ہیں، دنیا بھر میں فضائی سفر کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے اور مختلف کمپنیاں نئے طیارے خـریدنے کی دوڑ میں لگی ہوئی ہیں۔

بوئنگ کے مطابق سنہ 2023 کی پہلی سہ ماہی میں اس کے طیاروں کی مانگ میں خاصا اضافہ ہو گیا ہے۔ کمپنی کو ملنے والے نئے ٹھیکوں میں 737 میکس طیاروں کے دو بڑے ٹھیکے بھی شامل ہیں۔ 737 میکس کے بڑے خریداروں میں دو امریکی فضائی کمپنیاں، ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز اور یونائیٹِڈ ایئرلائنز شامل ہیں۔

بوئنگ کے 737 میکس طیاروں کے دو حادثات میں 346 افراد ہلاک ہو جانے کے بعد دنیا بھر میں 737 میکس طیارے گراؤنڈ کر دیے گئے تھے اور گزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے کمپنی اپنا نقصان پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ 737 میکس کو پیش آنے والے حادثات میں طیاروں کے فلائیٹ کنٹرول والے سافٹ ویئر میں خرابی کی نشاندہی کی گئی تھی۔

BBCUrdu.com بشکریہ