بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ ٹیم کا اعلان، امام، بلال اور کامران کی واپسی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کیخلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں امام الحق، بلال آصف اور کامران غلام کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ عمران بٹ، شاہنواز دھانی، حارث رؤف اور یاسر شاہ کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 نومبر سے چٹاگانگ جبکہ دوسرا ٹیسٹ چار دسمبر سے ڈھاکا میں ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق ‏اوپنر امام الحق، مڈل آرڈر بیٹر کامران غلام اور آف اسپنر بلال آصف اعلان کردہ 20 رکنی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

امام الحق کو قائد اعظم ٹرافی میں عمدہ پرفارمنس دکھانے پر قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا ہے، انہیں یاسر شاہ کی جگہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یاسر شاہ انگوٹھے کی انجری کا شکار ہیں۔

ساتھ ساتھ ‏ دورہ ویسٹ انڈیز سے محروم رہنے والے کامران غلام دوبارہ قومی اسکواڈ میں واپس آگئے ہیں۔

وہ اس وقت پاکستان شاہینز کے ساتھ سری لنکا میں ہیں جہاں دو اننگز میں 58 ناٹ آؤٹ اور 45 رنز بنائے۔

‏چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ سے مشاورت اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے اس اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ 

‏انہوں نے کہا کہ چونکہ پہلے ہی چار فرنٹ لائن فاسٹ بولرز ہیں، لہٰذا حارث رؤف اور شاہنواز دہانی کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان واپس بلالیا ہے تاکہ وہ قائد اعظم ٹرافی کھیلیں۔

دورہ بنگلادیش کے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، عبداللّٰہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، بلال آصف، فہیم اشرف، فواد عالم، حسن علی، امام الحق، کامران غلام، محمد عباس، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، ساجد خان، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور زاہد محمود شامل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.