الیکشن کمیشن نے جے یو آئی کے عرفان درانی کی درخواست پر میئر بنوں کی نشست پر دوبارہ گنتی کا حکم معطل کردیا جس کا آرڈر چیف الیکشن کمشنر اور ممبران الیکشن کمیشن نے جاری کیا۔
جے یو آئی ایف کے وکیل نے کہا کہ دس ہزار سے کم مارجن پر ہی دوبارہ گنتی ہو سکتی ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے طلب کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ ریٹرننگ افسر نے تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔
غیرحتمی نتائج کے مطابق جے یو آئی کے عرفان اللّٰہ درانی نے 59844 ووٹ لیے تھے جبکہ پی ٹی آئی کے اقبال جدون کو 43398 ووٹ ملے تھے۔
دوبارہ گنتی کی درخواست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست ہوئی ہے، انتخابات کے پہلے مرحلے میں اب تک جے یو آئی ایف 64 میں سے 19 تحصیلوں میں برتری حاصل کرکے سب سے آگے ہے، 4 میں سے 3 اہم شہروں پشاور، بنوں اور کوہاٹ میں جے یو آئی کا میئر کا امیدوار بھی آگے ہے جبکہ مردان میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سب سے آگے ہے۔
Comments are closed.