بارش برسانے والا طاقتور سسٹم جنوبی بلوچستان میں موجود ہے۔ دوسری جانب اطلاعات کے مطابق ہرنائی، لورا لائی، میختر اور کوہ سلیمان رینج میں طوفانی بارش ہوئی۔
جبکہ چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، قلعہ سیف اللّٰہ، نوشکی اور زیارت میں بھی بارش ہوئی۔ کیچ، گوادر، لسبیلہ اور مکران ڈویژن کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہوئی۔
ہرنائی اور شاہرگ میں ژالہ باری اور اولے پڑنے سے ٹماٹر کی فصل کو نقصان پہنچا۔ لورا لائی کے ندی نالوں میں طغیانی آئی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق ڈی جی خان شاہراہ پر آمد و رفت متاثر ہوئی۔ پی ڈی ایم اے کا مزید کہا ہے کہ رات گئے بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
دریں اثنا لیویز نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کی دو اہم قومی شاہراہوں کے شگاف بھر دیے گئے ہیں۔ لسبیلہ میں کوئٹہ، کراچی شاہراہ پر پھنسی ٹریفک کو ریسکیو کیا جا رہا ہے۔
لیویز کے مطابق کوئٹہ کراچی اور سبی، جیکب آباد شاہراہیں ابھی تک بند ہیں۔
کنٹرول روم کے مطابق سیلاب سے ہرنائی پنجاب شاہراہ مختلف مقامات پر ٹریفک کےلیے بند ہے۔ لسبیلہ سے کنٹرول روم کے مطابق ساکران میں سیلاب میں مویشیوں کا ریوڑ بہہ گیا۔
لسبیلہ انتظامیہ کے مطابق سیلاب سے 50 سے زائد بکریاں ہلاک ہوئیں جبکہ درجنوں کو نکال لیا گیا۔
Comments are closed.