اتوار 4؍محرم الحرام 1445ھ23؍جولائی 2023ء

بلوچستان کے لوگ محب وطن ہیں کبھی ملک توڑنے کی بات نہیں کی، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کےلیے بھی اہمیت کا حامل ہے۔

کوئٹہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام قومی امن جرگہ سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ سب کی نظرین بلوچستان اور گوادر پر ہیں، یہاں کے لوگ اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ محب وطن ہیں، انہوں نے کبھی ملک توڑنے کی بات نہیں کی، سوال یہ ہے کہ مین گیٹ وے پر آگ لگی ہو تو یہ کیسے ترقی کرے گا۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ بلوچستان کے لوگوں حقوق کی بات کرتے ہیں، دنیا چاند پر پہنچ گئی، یہاں کے لوگ جوہڑ سے پانی پی رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہاں بڑے بڑے لوگ محفوظ ہیں مگر عام شہری غیر محفوظ ہیں، لوگوں کو بھتے کے فون آتے ہیں اور پیسے دینے پر مجبور ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ ہماری عدالتوں میں انصاف نہیں، احتساب کے اداروں کے اپنے احتساب کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وسائل سے مالا مال صوبے میں سب سے زیادہ غربت ہے، ہمیں مل کر ان حالات کا ادراک کرنا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ یہاں تو سردار اور نواب کے بیٹے ہی وزیراعلیٰ بنتے ہیں، عام آدمی وزیراعلیٰ کیوں نہیں بنتا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.