حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی کی بنیاد ہے۔
مریم نواز سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔
نیشنل پارٹی کے نائب صدر کبیر احمد، سیکریٹری جنرل جان بلیدی، سینیٹر طاہر بزنجو، سینیٹر اکرم، ایوب ملک اور اسلم بلوچ بھی وفد کا حصہ تھے۔
مریم نواز اور نیشنل پارٹی کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی تعاون بڑھانے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
دوران ملاقات ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مریم نواز کی سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔
ن لیگی چیف آرگنائزر کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی کے لیے کام کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی کی بنیاد ہے، بلوچستان کے نوجوانوں کی ترقی اولین ترجیح ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ سی پیک، گوادر پورٹ، مغربی روٹ سمیت دیگر منصوبے بلوچستان کی ترقی کا ذریعہ بنیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت بلوچستان کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع دیں گے۔
ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ تعلیم، زراعت، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) میں نئے کاروبار، روزگار دیں گے، کھیلوں میں ترقی کے مواقع دیں گے۔
Comments are closed.