بلوچستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں پھر اضافہ ہوا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کیسز کی شرح بڑھ کر 6 اعشاریہ 1 فیصد جبکہ کوئٹہ میں 4 فیصد ہو گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے 8 اضلاع سے کورونا وائرس کے 64 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، صوبے کے 25 اضلاع میں کورونا کا کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا۔
محکمہ صحت بلوچستان کی جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو صوبے کے 8 اضلاع میں 962 افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیئے جا سکے ہیں۔
صوبے میں کیئے گئے کورونا ٹیسٹ کے نتیجے میں 64 مثبت کیسز سامنے آئے، سب سے زیادہ 31 مثبت کیسز ضلع کوئٹہ سے اور 20 کیسز ضلع کیچ سے رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کے مطابق ضلع کوئٹہ میں کورونا وائرس کے 758 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے 25 اضلاع میں کورونا کا کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے بلوچستان میں 27 ہزار 242 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 309 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 277 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 24 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 1 ہزار 110 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 7 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 22 ہزار 345 ہو گئی ہے، جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 59 ہزار 685 ہو چکی ہے۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 31 ہزار 910 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 863 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 9 لاکھ 5 ہزار 430 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 46 ہزار 941 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 46 لاکھ 37 ہزار 171 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 48 ہزار 801 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 63 لاکھ 56 ہزار 499 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
Comments are closed.