بلوچستان کے علاقے نوشکی میں موسلا دھار بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ چمن میں کنٹرول روم کی رپورٹ کے مطابق سیلاب سے زیرتعمیر گڑنگ ڈیم اور مشینری کو نقصان پہنچا ہے۔
ادھر دوسری جانب پشین، قلعہ عبداللّٰہ، زیارت، ہرنائی، دکی، لورالائی اور نوشکی میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ جبکہ مسلم باغ، کان مہتر زئی، قلعہ سیف اللّٰہ، ژوب، رکھنی، میختر سے بھی موسلا دھار بارش کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
کوہ سلیمان رینج میں جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔ بارشوں کے باعث بلوچستان کی بین الصوبائی شاہراہیں بند ہوگی ہیں اور سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا سے زمینی رابطے معطل ہیں۔
لیویز کنٹرول روم فورٹ منرو میں لینڈ سلائیڈنگ سے لورا لائی ڈی جی خان شاہراہ بند ہوگئی۔ این ایچ اے کے مطابق بولان میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، این 65 آمدورفت کیلئے بند ہے۔ کوئٹہ کراچی شاہراہ ضلع لسبیلہ کے کئی مقامات پر آمدورفت کیلئے متاثر ہوئی ہے اور گاڑیاں پھنس گئیں۔
لیویز کے مطابق ہرنائی پنجاب، دکی، سنجاوی شاہراہیں سیلاب کے باعث بند ہیں۔ ژوب ڈی آئی خان قومی شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہوا ہے۔ خیبر پختونخوا کی حدود میں گاڑیاں پھنس گئیں۔
بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیاء لانگو کا کہنا ہے کہ این ایچ اے کی مایوس کن کارکردگی سے بلوچستان کی اہم شاہراہیں بند ہیں۔ ڈیرہ بگٹی ضلع کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔
لیویز کے مطابق ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے زین لوٹی میں شدید بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ہوئے ہیں۔
Comments are closed.