صوبۂ بلوچستان کے شمال مشرقی حصّے میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔
جن علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی ان میں ژوب، موسیٰ خیل، کوہلو اور بارکھان شامل ہیں۔
لورالائی، دکی، میختر، رکھنی میں بارش سے برساتی نالوں میں طغیانی بھی آ گئی۔
کوہِ سلیمان رینج میں بلوچستان پنجاب بارڈر پر فورٹ منرو اور بلوچستان خیبر پختون خوا بارڈر پر دھانا سر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین میں تیز طوفانی ہوائیں چلنے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔
کوئٹہ چمن شاہراہ پر طوفانی ہوائیں چلنے سے جنگل پیر علیزئی، سرانان، یارو میں ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہےگا لیکن آج بھی ژوب، موسٰی خیل، بارکھان، لورالائی، کوہلو میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
آج کوئٹہ میں کم سےکم درجۂ حرارت 15، زیارت میں 8، مسلم باغ میں 14، قلات میں 16 ، بارکھان میں 18، لسبیلہ میں 24، سبی اور جیوانی میں 25، خاران، دالبندین اور گوادر میں 28 اور تربت میں 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج کوئٹہ میں زیادہ سےزیادہ درجۂ حرارت 35 سے37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنےکا امکان ہے۔
گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ گرمی تربت میں پڑی جہاں درجۂ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Comments are closed.