اتوار 4؍محرم الحرام 1445ھ23؍جولائی 2023ء

بلوچستان: بارش و طغیانی، پنجرہ پل پر شاہراہ بند

گزشتہ روز بارش کے بعد صوبۂ بلوچستان کی بولان ندی میں طغیانی کے باعث پنجرہ پل پر شاہراہ تاحال بند ہے۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے مطابق پنجرہ پل کے مقام پر کوئٹہ تا سبی شاہراہ بند ہونے سے ٹریفک معطل ہو گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان نے بتایا ہے کہ بولان میں آب گم اور ڈھاڈر میں قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجرہ پل کے مقام پر شاہراہ کی بحالی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔+

علاوہ ازیں نیشنل ہائی وے کی جانب سے این 65 سبی جیکب آباد شاہراہ کے لیے ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کی گئی ہے۔

این ایچ اے حکام کے مطابق بولان ندی میں انتہائی درجے کا ریلہ گزر رہا ہے، پنجرہ پل کاز وے پر ریلے کے باعث ٹریفک معطل ہے۔

جی ایم این ایچ اے کے مطابق کوئٹہ سے جیکب آباد کے مابین شاہراہ پر دونوں اطراف سے ٹریفک روک دیا گیا ہے، ہیوی مشینری عملے کے ساتھ پنجرہ کاز وے پر موجود ہے۔

دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے آج کوئٹہ، قلات، کو ہلو، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللّٰہ، خضدار، سبی، ہرنائی، بولان، بارکھان، لورالائی، نصیر آباد، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ، آواران، اورماڑہ، گودار، پسنی، تربت، پنجگور اور کیچ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

موسلا دھار بارش کے باعث بارکھان، کوہلو، شیرانی، ہرنائی، بولان، لورالائی اور خضدار کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

شمال مشرقی اور جنوب وسطی بلوچستان میں طوفانی بارش کے باعث کئی اضلاع میں سیلابی ریلوں سے شاہراہیں متاثر ہوئی ہیں۔

بلوچستان کی سندھ اور پنجاب کے ساتھ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف اضلاع کے ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتِ حال ہے جس سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب لسبیلہ میں شمالی پہاڑی سلسلوں میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث پورالی ندی میں طغیانی آگئی ہے۔

لاکھڑا کے علاقے چانکارہ میں متعدد گوٹھ سیلاب کی زد میں آگئے ، احمد بچل گوٹھ اور اللّٰہ بچایا گوٹھ سیلاب کی زد میں آنے کی وجہ سے مقامی افراد محصور ہو کر رہ گئے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا بندوبست اور جانی و مالی نقصان سے بچایا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.