امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کی وزیرِ خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک گفتگو پر امریکی محکمۂ خارجہ کا مؤقف سامنے آ گیا۔
امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کے ساتھ امریکا کی مفید شراکت داری کا اعادہ کیا ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق بلنکن نے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کی مدد کے لیے پروگرام کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ بلنکن نے معاشی بحالی اور خوش حالی کے فروغ کے لیے مسلسل اصلاحات کی حوصلہ افزائی کی۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستانی ہم منصب سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی امریکا کی اہم ترجیح ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے بتایا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ امریکا تکنیکی، ترقیاتی منصوبوں، تجارت اور سرمایہ کاری سے پاکستان کے ساتھ روابط برقرار رکھے گا۔
امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ جمہوری اصول اور قانون کی حکمرانی کا احترام پاک امریکا تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے بتایا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام نے دہشت گرد حملوں کے باعث شدید نقصان اٹھایا ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق بلنکن نے انسدادِ دہشت گردی کے لیے پاکستان کے ساتھ مسلسل شراکت داری کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاک امریکا وزرائے خارجہ نے یوکرین روس جنگ سے پیدا ہونے والے عدم استحکام پر بھی گفتگو کی۔
امریکی محکمۂ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان پاک امریکا مشترکہ مفادات کے لیے پُرامن اور مستحکم افغانستان کی اہمیت پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
Comments are closed.