بلند مقامات میں درختوں پر آگ لگنے کے واقعات تھم نہ سکے، مری کے ساملی جنگلات، مہمند، سوات، کرم اور سماہنی آزاد کشمیر کے درختوں میں لگی آگ نے قیمتی جنگلی حیات کو خطرے میں ڈال دیا جبکہ نایاب درخت راکھ بننے لگے۔
سماہنی آزاد کشمیر کے جنگلات میں کئی روز سے لگی آگ نے تباہی مچا رکھی ہے، ٹورسٹ ریسٹ ہاؤس اور فیملی پارک سے ملحقہ جنگل اب بھی آگ کی لپیٹ میں ہے۔
درجنوں چیڑ کے درخت زمین بوس ہوگئے، درخت گرنے سے بجلی کا ٹرانسفارمر بھی زمین پر آ گرا ہے، ریسکیو ٹیم آگ بجھانے میں مصروف ہے، تاحال کئی مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے، سماہنی بھمبر کی مین شاہراہ پر درخت گرنے سے ٹریفک کا نظام معطل ہے۔
مری کے ساملی کے جنگلات میں منگل کی صبح لگنے والی آگ پر اب تک قابو نہیں پایا جاسکا ہے، ریسکیو ذرائع کے مطابق پہاڑی علاقے کے باعث آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ضلع کرم کے کلے علی زئی کے قریب جنگلات میں آگ بجھانے کا عمل دوسرے روز بھی جاری ہے، آگ لگنے سے ہزاروں درخت جل گئے ہیں۔
مہمند کی تحصیل بائزئی شمشا کے پہاڑوں کے جنگلات میں آگ لگنے کے بعد مقامی افراد اور ریسکیو 1122، پولیس آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
سوات کی تحصیل بریکوٹ کے علاقے ایلم کے پہاڑوں میں بھی آج صبح اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔
Comments are closed.