متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم نے راتوں کو جاگ کر آپ کی صبح بہتر بنانے کی کوشش کی ہے۔ اللّٰہ نے ہماری بات آپ کے دل میں ڈالی ہے تو رب کو پتہ ہے ہماری نیت صاف ہے۔
کراچی کے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سعیدآباد میں عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آپ ایم کیو ایم کو اپنی پارٹی سمجھیں، ہم پر جو واجب نہیں تھا اس سے زیادہ قرض ادا کیا ہے۔ ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج تک کسی پارٹی نے اپنے لیڈر کو الگ نہیں کیا، صرف ایم کیو ایم ہے جس نے لیڈر سے علیحدگی اختیار کی۔
انکا کہنا تھا کہ الیکشن کون جیتے، کون ہارے لیکن بلدیہ کے عوام نے ایم کیو ایم پاکستان کا دل جیت لیا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلدیہ کے عوام کی غربت و پسماندگی دیکھ کر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بلدیہ سے مجھے نامزد کردیا ہے۔ ماضی میں بلدیہ کے حالات ایسے نہ تھے۔ بلدیہ ٹاؤن کے عوام کو حب ریزروائر سے 7 لاکھ گیلن پانی ایم کیو ایم نے دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج بلدیہ ٹاؤن کی لائن میں لاتعداد غیرقانونی کنکشن کر کے اسے تباہ کر دیا گیا ہے۔ بلدیہ ٹاؤن کے عوام سے کہتا ہوں تمام بروں میں ہم کم برے ہیں اور اپنی برائی مزید کم کر رہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ 15 برس میں پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے بلدیہ ٹاؤن سمیت کراچی کو مکمل تباہ کردیا۔
انکا کہنا تھا کہ بلدیہ ٹاؤن میں اسٹیڈیم کالج پارک اسپتال بنائے مگر اسے سنبھالنے کے بجائے تباہ کر دیا گیا۔
Comments are closed.