پنجاب میں بلدیاتی مسودہ قانون کے معاملے پر صوبے کے بعد وفاقی سطح پر بھی مذاکرات میں ڈیڈلاک پیدا ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف اور اتحادی جماعت ق لیگ کا بلدیاتی مسودہ قانون کے معاملے پر ویڈیولنک پر مشترکہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پی ٹی آئی کی طرف سے وفاقی وزراء میں سے اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور شفقت محمود جبکہ ق لیگ کے جانب سے وفاقی وزراء مونس الہٰی اور طارق بشیر چیمہ شریک ہوئے۔
اجلاس میں پنجاب حکومت کی نمائندگی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے بعد بلدیاتی مسودہ قوانین پر وفاق کی سطح پر بھی مذاکرات میں ڈیڈلاک پیدا ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکمران اتحاد میں شامل مسلم لیگ (ق) نئے بلدیاتی نظام میں دیہی علاقوں کی زیادہ نمائندگی کے لیے ڈٹ گئی۔
ق لیگ کی قیادت نے واضح طور پر کہا کہ ایسےمسودہ قانون کی حمایت نہیں کریں گے، جس سے دیہی علاقوں کی حق تلفی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں سیمی اربن کو زیادہ اور دیہی علاقوں کو کم نمائندگی قبول نہیں۔
ویڈیو لنک اجلاس کے دوران وفاق اور پنجاب کی سطح پر میٹنگ پر بھی پی ٹی آئی قیادت اپنی اتحادی جماعت ق لیگ کو قائل نہ کرسکی۔
ق لیگ کے وفاقی وزراء نے صاف الفاظ میں کہا کہ ایسےقانون کی حمایت نہیں کریں گے، جس میں دیہی علاقوں کو نظر انداز کیا جائے۔
Comments are closed.