منگل24؍جمادی الثانی 1444ھ17؍جنوری2023ء

بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی:سراج الحق نے ملک گیر احتجاج کی کال دیدی

کراچی: جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں تاخیر اور رد و بدل پر اپنے تحفظات سامنے رکھتے ہوئے کل ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے چیف الیکشن کمشنر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں انہوں نے کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں غیر معمولی تاخیر اور رد و بدل پر تحفظات کا اظہار کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی 2018ء کی طرح الیکشن پر کسی کو شب خون مارنے کی اجازت نہیں دے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کل ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں دھاندلی کے خلاف کل ملک بھر میں مظاہرے کیے جائیں گے۔

قبل ازیں اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا تھا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات اور نتائج الیکشن کمیشن کا امتحان ہے۔  نتائج میں غیر معمولی تاخیر سے عوام کے ذہنوں میں شبہہ پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی ہوئی تو کراچی سمیت پورے ملک میں احتجاج ہو گا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کا جماعت اسلامی پر اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم ملک بھر کے کارکنوں کو مبارک باد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا ہر حال میں احترام ہونا چاہیے، عوام کا فیصلہ ہی آخری فیصلہ ہو گا۔ صوبائی حکومت انتخابات کو کھلے دل سے تسلیم اور عوامی مینڈیٹ کا احترام کرے۔

You might also like

Comments are closed.