سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی الیکشن رکوانے کی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے کورم سے متعلق درخواست پر تفصیلی دلائل سن کر فیصلہ کیا جائے گا۔
وکیل الیکشن کمیشن عبد اللّٰہ ہنجرہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے قانون کے مطابق الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسی فیصلے کی بنیاد پر ایم کیو ایم پاکستان نے پہلے مرحلے میں حصہ بھی لیا تھا۔
واضح رہے کہ متحدہ قومی مومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن فوری روکنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
ایم کیو ایم پاکستان نے درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل قانونی پیچیدگیوں کا جائزہ لینا ضروری ہے، کیس کا فیصلہ کرنے سے پہلے ہمارا مؤقف بھی سنا جائے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق قانون سازی کے بغیر بلدیاتی ادارے بااختیار نہیں ہوسکتے، بلدیاتی قوانین میں ترامیم تک بلدیاتی الیکشن نہ کروائے جائیں۔
یاد رہے کہ 9 جنوری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایم کیو ایم اور جماعتِ اسلامی کی دہری ووٹر فہرستوں کے اکٹھے استعمال کے معاملے پر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا تھا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ایم کیو ایم کی درخواست مسترد اور جماعتِ اسلامی کی منظور کی تھی۔
Comments are closed.