پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کسانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوکر کسان مارچ، ٹریکٹر مارچ کرنے کا اعلان کردیا۔
انہوں نے ملک بھر کے کاشت کاروں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے ٹریکٹر ٹرالی مارچ کے حوالے سے ویڈیو پیغام دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زرعی معیشت کو نقصان پہنچا ہے، اس سلیکٹڈ حکومت نے جتنا اس زرعی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے اتنا ہی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ایک قول ہے کہ ہمارا ایک کسان خوشحال تو ملک خوشحال ہے، زرعی معیشت ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اگر اسے کھڑا کردیں گے تو پوری معیشت ترقی کر سکتے ہی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں چاول، گندم اور چینی سے نہ صرف اپنی ضروریات پوری کرتے تھے بلکہ اسے برآمد بھی کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم باہر سے چینی چاول گندم منگوا رہے ہیں، جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے تب سے کسانوں کو ان کی فصلوں کی قیمت نہیں مل رہی۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا زرعی سیکٹر باعزت اور منافع بخش کاروبار ہو، اس کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر سرمایہ کاری کریں گے، ان کی خوشحالی کا بندوبست کریں گے، انہیں ان کی فصلوں کو ان کی قیمت دلوائیں گے تو وہ نہ صرف پاکستان کو کھلا سکتا ہے بلکہ پوری دنیا میں برآمدات بھی کریں گے۔
انہوں نے 21 جنوری سے سندھ میں لاڑکانہ ڈویژن اور پنجاب میں ساہیوال ڈویژن سے کسانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر کسان مارچ اور ٹریکٹر مارچ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
Comments are closed.