پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں ہوئے خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے کوئٹہ کے مستونگ روڈ پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں آج مستونگ روڈ پر سوہنا خان ایف سی چیک پوسٹ پر خود کش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
خود کش حملے کے تمام زخمیوں اور لاشوں کو شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیموں کے علاوہ سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکا خود کش تھا، خود کش حملہ آور کا سر اور دیگر جسمانی اعضاء قبضے میں لے لیئے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق خود کش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا، جس نے اپنی موٹر سائیکل قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی سے ٹکرائی۔
Comments are closed.