ہفتہ 12؍ذوالحجہ 1444ھ یکم؍جولائی 2023ء

بلاول کا آج شام دورۂ جاپان، پاکستان کیلئے اہم قرار

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج شام جاپان کے دو روزہ سرکاری دورے پر ٹوکیو پہنچ رہے ہیں، اس دورے کو پاکستان اور جاپان کے تعلقات کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے جاپانی ہم منصب یوشی ماسا ہایاشی Yoshimasa Hayashi اور جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا سے اہم ملاقات کریں گے جبکہ جاپان کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر تاکیو اکیبا سے بھی ملاقات ان کے دورے کا حصہ ہوگی۔

ان اہم ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے رہنماوں کے درمیان سیاسی و معاشی تعلقات اور خطے سمیت اہم عالمی امور پر سیر حاصل گفتگو کی جائے گی جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو ایشین ڈیولپمنٹ بینک انسٹیٹیوٹ سے بھی خطاب کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیر خارجہ اس دورے کے دوران جاپان کے اہم کاروباری اداروں کے سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ جاپانی حکومت سے جاپان میں پاکستانی مین پاور ایکسپورٹ کے حوالے سے بھی گفتگو کی جائے گی اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور اہم عالمی امور پر دونوں ممالک کا موقف مشترکہ رہا ہے۔

توقع ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ جاپان سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئی گرمجوشی پیدا ہوگی۔

واضح رہے کہ سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان بلاول بھٹو زرداری کے دورہ جاپان سے قبل ہی جاپان پہنچ چکے ہیں اور اہم جاپانی حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کرچکے ہیں تاکہ وزیر خارجہ کے دورہ کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنایا جاسکے

اس کے علاوہ جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ بھی سیکریٹری خارجہ کے ساتھ وزیر خارجہ کے دورے کو مثبت بنانے کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.