پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو مستعفی ہونے کےلیے 5 دن کا الٹی میٹم دے دیا۔
احمد پور شرقیہ میں عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے پی پی چیئرمین نے کہا کہ اگر خود مستعفی نہیں ہوتے تو اسلام آباد آکر آپ کا بندوبست کریں گے، 5 دن میں عدم اعتماد کے لیے نمبر پورے ہوجائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اتحادی کٹھ پتلی کا ساتھ چھوڑ دیں تو ہی عوام انہیں معاف کریں گے، ہم اصلاحات کرکے صاف شفاف انتخابات کروائیں گے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کے عوام آپ کو وزیراعظم دیکھنا نہیں چاہتے، 5 دن کا وقت ہے، خود مستعفی ہوجائیں، غیرت، ہمت ہے تو اسمبلی توڑیں، الیکشن کروادیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام آباد پہنچنے تک نمبر پورے ہوچکے ہوں گے، خود نہ گئے تو اسلام آباد پہنچ کر عدم اعتماد لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ضیاء الحق کا مقابلہ کیا، آج اس کٹھ پتلی کو بھگا دیں گے، تمام ایم این اے عدم اعتماد میں عوام کا ساتھ دیں، سلیکٹڈ کا نہیں، اگر آپ نے عدم اعتماد میں ساتھ دیا تو عوام آپ کے تین سال کے گناہ معاف کردیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم عوامی حکومت بنا کر عوام کے مسائل حل کریں گے، آپ ہمارا ساتھ دیں تو اسلام آباد پہنچنے سے پہلے خوشخبری آئے گی۔
Comments are closed.