پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ کرنے والے دونوں گرفتار شوٹرز کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان گرفتار شوٹرز کے نام ماجد اور کاشف ہیں اور دونوں عرصہ دراز سے بلال گنج کے رہائشی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ گرفتار شوٹرز کا آبائی تعلق مورکھنڈا ننکانہ صاحب سے ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شوٹرز نے حملے کے وقت آئس کا نشہ کر رکھا تھا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ان گرفتار ملزمان سے نامعلوم مقام پر مزید تفتیش جاری ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب پولیس کی جانب سے ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ کرنے والے شوٹرز کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رات گئے سی آئی اے پولیس نے 10 مختلف مقامات پر چھاپے مارے، ملزمان کو شاہدرہ کے علاقے سے خفیہ آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل پنجاب پولیس نے کہا تھا کہ رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کا جائے وقوع سے فرار ہونے تک کا ڈیجیٹل میپ تیار کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 31 دسمبر کو بلال یاسین پر موہنی روڈ پر 2 موٹر سائیکل سواروں نے حملہ کیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔
Comments are closed.