حیدرآباد میں قتل ہونے والے نوجوان بلال کاکا قتل کیس میں ایک اور ملزم محمد افضل خان پٹھان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کیس میں نامزد ملزم شاہ سوار پہلے ہی گرفتار اور 7 روز کے ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بلال کاکا قتل کیس میں 5 نامزد اور 5 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج ہے۔
12جولائی کو تھانہ بھٹائی نگر کے علاقے میں ہوٹل پر جھگڑے میں بلال کاکا کو قتل کیا گیا تھا۔
اس سے قبل بلال کاکا قتل کیس میں نامزد ملزم شاہ سوار کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم کو 7 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ حیدرآباد واقعے کا مقدمہ 9 افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا، 2 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا، دیگر کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے، صوبے بھر میں معمول کے مطابق کاروبار جاری ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ افواہوں پر کان دھرنے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں ہوٹل پر جھگڑے کے دوران نوجوان کے قتل پر گزشتہ روز کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں کشیدگی دیکھنے میں آئی، مشتعل افراد نے الآصف اسکوائر کے قریب گاڑی کو بھی آگ لگا دی۔
ہنگامہ آرائی کے الزام میں 40 افراد کو گرفتار کیا گیا، سوشل میڈیا پر افسوس ناک مناظر کی ویڈیوز دیکھنے میں آئیں، مشتعل افراد نے کہیں گاڑی روک کر لوگوں کو دھمکایا، تو کہیں دکانیں بند کروائی گئیں۔
Comments are closed.