حکومت نے سرکاری افسران کے ایک سے زائد پنشن لینے پر پابندی عائد کر دی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں بعض لوگ بیک وقت آرمی چیف، چیف ایگزیکٹو اور صدر کی پنشن لیتے رہے، یہ غریب ملک پر بہت بڑا بوجھ تھا۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ حکومت نے سرکاری افسران کے ایک سے زائد پنشن لینے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پابندی گریڈ 17 سے 22 تک کے سرکاری افسران کے لیے ہے، گریڈ 17 سے نیچے کے سرکاری اہلکاروں پر اس پابندی کا نفاذ نہیں ہو گا۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ایک سے زائد پنشن کا مسئلہ پرانا ہے جسے پہلے ہی حل ہو جانا چاہیے تھا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے مالی سال 24-2023ء کا وفاقی بجٹ آج منظور کر لیا ہے۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں فنانس بل 2023ء کی کثرتِ رائے سے منظوری دی گئی۔
ایون میں فنانس بل کو زیرِ غور لانے کی تحریک منظور کی گئی۔
قومی اسمبلی میں فنانس بل کو شق وار منظور کیا گیا۔
Comments are closed.