چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی۔
اس آڈیو میں سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ہیڈ کو ہدایات دیتی ہوئی سنی جاسکتی ہیں۔
اس ٹیلیفونک گفتگو کے دوران بشریٰ بی بی ارسلان خالد نامی اس شخص سے پوچھتی ہیں کہ آپ لوگ سوشل میڈیا پر ایکٹیو کیوں نہیں ہیں؟ خان صاحب نے آپ سے غداری کا ہیش ٹیگ استعمال کرنے کا کہا تھا۔
جب یہ شخص وجہ بتانے کی کوشش کرنے لگتا ہے تو بشریٰ بی بی کہتی ہیں کہ "اچھا میری بات سنیں، یہ علیم خان جیسے جتنے بھی لوگ ہیں جو میرے اور خان صاحب کے بارے میں بولتے، انہوں نے آگے اس سے بھی زیادہ گند ڈالنا ہے، میرے ساتھ موجود اس بچی فرح کے بارے میں۔”
سابق خاتون اول ہدایت دیتی ہیں کہ آپ نے اس کا کوئی ایشو نہیں بنانا ہے، آپ کو ان سب چیزوں کو غداری کے ساتھ لنک کردینا ہے، کیونکہ علیم خان اور دیگر لوگ بولیں گے یہ سب کو منصوبہ بندی کے تحت ہے۔
وہ مزید کہتی ہیں کہ آپ کو سوشل میڈیا پر اس لیٹر کو اٹھانا ہے کہ ہمیں پتہ ہے کہ وہ لیٹر صحیح ہے اور ہمیں پتہ ہے کہ یہ سب غداری کے لیے اکٹھے ہوگئے ہیں اور غداروں کے ساتھ مل گئے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ آپ کو آج روس کا معاملہ اٹھانا ہے کہ انہیں پتہ ہے کہ عمران خان کے ساتھ غداری ہورہی ہے اور یہ ان کا بیان سامنے آیا ہے۔
بشریٰ بی بی نے آڈیو میں کہا کہ میرے اور فرح کے بارے میں انہوں نے خوب گند اڑانا ہے اور اس معاملے کو بھی لنک کردینا کہ کون غدار یہ معاملہ اٹھا رہا ہے۔
سابق خاتون اول نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ہیڈ کو بتایا کہ یہ لوگ فرح گوگی کو پکڑنا چاہ رہے ہیں، کیونکہ انہیں سمجھ نہیں آرہی تھی کہ خان صاحب جو ہر چیز سے نکل رہے ہیں، انہیں یہ چیزیں پتہ کیسے ہوتی ہیں؟
Comments are closed.