چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے ن لیگی قائد پر تنقید کی اور کہا کہ بزدل آدمی لیڈر نہیں نواز شریف بن جاتا ہے۔
لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی جنگ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، ہم نے انصاف لینا ہے، آزادی کی جنگ کےلیے قوم کو تیار ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سہولت کاروں نے ہمیں غلام سمجھ کر چوروں کا ٹولہ اوپر بٹھادیا ہے، ہم سب لیڈر ہیں کیونکہ ہم اشرف المخلوقات ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ میرے گھر پر حملہ کیا گیا، اب علی امین کو گرفتار کر لیا ہے تاکہ یہ بتاسکیں کہ ہم غلام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی صلاحیتوں کو آزماتے نہیں جس کی بڑی وجہ خوف ہے، لیڈرخوفزدہ نہیں ہوتا، بزدل آدمی لیڈر نہیں بنتا وہ نواز شریف بن جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ اللّٰہ تعالیٰ نے انسانوں کو بے پناہ صلاحیتیں بخشی ہیں، میں اسلام کا اسکالر نہیں، میں نےسب اپنی زندگی سے سیکھا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ جو انقلاب اللّٰہ کے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم لے کر آئے ویسا دنیا میں کہیں نہیں آیا، لا الہ الااللّٰہ کی طاقت ہے کہ دو سپر پاورز نے گھٹنےٹیک دیے۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے آزادی دی، انصاف دے کر معاشرے میں سب کو برابر کیا، جرگے میں طاقتور کو کمزور کے سامنے بٹھا کر انصاف کیا جاتا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ ہندوستان والے پہلے ہی غلام تھے وہ لڑتے نہیں تھے، افغانستان کو تین سپر پاورز فتح نہیں کر سکیں۔
Comments are closed.