برطانوی شہر بریڈ فورڈ سے لاپتہ ہونے والی برٹش پاکستانی خاتون صومیہ بیگم کی لاش بر آمد کر لی گئی۔
بریڈ فورڈ کی گمشدہ خاتون صومیہ بیگم کی گمشدگی کی تحقیقات کرنے والی سی آئی ڈی پولیس نے لاش ملنے کے بعد قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق بنی اسٹریٹ کے 20 سالہ نوجوان خاتون کو 26 جون سے نہیں دیکھا گیا تھا۔
بریڈ فورڈ کی فٹز ولیم اسٹریٹ کے قریب بدھ 6 جولائی کی شام 7 بج کر 35 منٹ پر خاتون کی لاش ملی ہے۔
برٹش پاکستانی خاتون صومیہ بیگم کی لاش کی فرانزک جانچ جاری ہے اور اُن کے اہلِ خانہ کو اس حوالے سے اطلاع کر دی گئی ہے۔
واقعے کی تحقیقات کے دوران ایک 52 سالہ شخص کو قتل کے شبہے میں گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ گرفتار کیے گئے دیگر 2 مرد اور ایک خاتون کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
برٹش پاکستانی خاتون صومیہ بیگم کے قتل کے واقعے پر مقامی کونسلر ریاض احمد نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی پریشان ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کمیونٹی بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے، خاص طور پر نوجوان خواتین کے لیے یہ عام واقعہ نہیں ہے، وہ خوفزدہ ہیں، ہم کسی کو خوف میں مبتلا نہیں کرنا چاہتے اور نہ ہی مہم جوئی کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب ویسٹ یارکشائر پولیس نے تحقیقات میں مدد کرنے پر کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
Comments are closed.