برطانیہ میں ہلاک ہونے والی پاکستانی بچی سارہ شریف کے دادا محمد شریف نے مفرور بیٹے سے پوتی کی موت کی تحقیقات میں تعاون کی اپیل کردی۔
گذشتہ روز سارہ کے والدین کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سے پاکستان میں پولیس نے سارہ کے مفرور والدین کی تلاش میں 20 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق سارہ کے دادا محمد شریف کا کہنا ہے کہ عرفان اور اس کی بیوی بینیش کو پولیس سے تعاون کرنا چاہیے اور قانون کا سامنا کرکے پولیس کو سچائی بتانی چاہیے، ویڈیو میسج کیا ہے تو پولیس کے سامنے پیش ہو کر بھی ساری حقیقت بتائیں۔
گزشتہ روز سارہ کی سوتیلی ماں بینیش بتول نے شوہر کے ہمراہ ویڈیو بیان جاری کیا تھا اور سارہ کی ہلاکت کو حادثہ قرار دیتے ہوئے برطانوی حکام سے تعاون کی پیشکش کی تھی۔
10 سالہ سارہ کی لاش 10 اگست کو سرے کاؤنٹی کے علاقے ووکنگ میں گھر سے ملی تھی، سارہ کی لاش ملنے سے ایک روز پہلے عرفان شریف اور بینیش بتول فرار ہو کر پاکستان آگئے تھے۔
سارہ کی موت کی تفتیش میں عرفان شریف اور بینیش بتول برطانوی پولیس کو مطلوب ہیں۔
Comments are closed.