جمعرات 4؍ربیع الاول 1445ھ21؍ستمبر 2023ء

برطانیہ: حجاب پہننے والی مسلم خواتین کی ستائش، مجسمہ نصب کیا جائے گا

برطانیہ میں حجاب پہننے والی مسلم خواتین کی ستائش کیلئے اگلے ماہ اسٹیل کا ایک مجسمہ نصب کیا جائے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ مجسمہ دوسرے بڑے شہر برمنگھم میں نصب ہوگا۔

اس مجسمے کو لیوک پیری نے ڈیزائن کیا ہے جسے اکتوبر میں ویسٹ مڈلینڈ کے علاقے اسمتھ وک میں رکھا جائے گا۔

اسٹیل کا یہ مجسمہ 5 میٹر لمبا اور ایک ٹن کے قریب وزنی ہے، کہا جا رہا ہے کہ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا مجسمہ ہے۔

برطانیہ میں حجاب پہننے والی مسلم خواتین کو خدشہ ہے…

اس فن پارے کو ’حجاب کی طاقت‘ کا نام دیا گیا ہے جس میں ایک مسلم خاتون کو حجاب میں دکھایا گیا ہے۔

مجسمے کے نیچے یہ الفاظ کندہ ہیں کہ ’یہ عورت کا حق ہے کہ وہ اپنے پہننے کیلئے کچھ بھی منتخب کرے، اسے محبت اور اکرام دیا جائے‘۔

مجسمہ ساز لیوک پیری نے کہا کہ ’حجاب کی طاقت‘ ایسا فن پارہ ہے جو اسلامی عقیدے سے تعلق رکھنے والی ان خواتین کی نشاندہی کرتا ہے جو حجاب لیتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری کمیونٹی کا وہ طبقہ ہے جس کی نمائندگی بہت کم ہے لیکن یہ بہت اہمیت رکھتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.