برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور پولیٹیکل سیکریٹری سیم فلیچر کی جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی۔
مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان اور بھارت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پر گفتگو کی گئی۔
برطانوی ہائی کمشنر اور فضل الرحمان کی ملاقات کے دوران افغانستان میں خواتین کی تعلیم سمیت افغان مہاجرین کی واپسی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی ہائی کمشنر نے افغانستان میں خواتین کی تعلیم کیلئے مولانا فضل الرحمان سے تعاون کی اپیل کی۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ خواتین کی تعلیم کے حامی ہیں لیکن افغانستان کا اسلامی، پشتون پس منظر سامنے رکھیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ افغانستان کی حکومت خواتین کی تعلیم کیلئے ماحول بنا رہی ہے، افغانستان میں امن و امان کے قیام میں بتدریج بہتری آرہی ہے، افغانستان میں امن و امان کے قیام کے ساتھ یہ مسائل بھی حل ہوں گے۔
سربراہ جے یو آئی نے عالمی برادری کو افغانستان سے تعلقات بہتر بنانے، معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مغرب اور اسلام کے درمیان ثقافتی تقسیم کو تسلیم کیا جائے۔
فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ افغانستان میں خواتین، بچوں کی تعلیم پر پریشان ہونے والوں کو غزہ کی خواتین اور بچوں پر توجہ دینی چاہیے، غزہ میں انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں، غزہ میں 4 ہزار خواتین، 6 ہزار بچے اور 20 ہزار عام شہریوں کو بموں سے شہید کیا گیا، مغرب پھر بھی اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے، مغرب اپنے رویے پر نظر ثانی کرے۔
Comments are closed.