منگل29؍ذوالحجہ 1444ھ18جولائی 2023ء

برسلز: یورپین کمیشن پر استحکامِ پاکستان ریلی، کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک

بیلجیئم میں پاکستان زندہ باد اور استحکامِ پاکستان ریلی کا اہتمام یورپین کمیشن، یورپین کونسل اور یورپین وزارت خارجہ کے سامنے کیا گیا۔

اس ریلی کا اہتمام پاک بیلجیئم فیڈریشن کے زاہد بھدر نے کمیونٹی رہنما سردار صدیق خان، ناصر چوہان، ہم ہیں پاکستان آرگنائزیشن بیلجیئم کے صدر فرید خان اور پاکستان کمیونٹی اتحاد آرگنائزیشن بیلجیئم کے مشترکہ تعاون سے کیا۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم، شہدائے افواجِ پاکستان اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تصاویر اٹھا کر افواجِ پاکستان سے بھرپور یکجہتی اور محبت کا اظہار کیا۔

ریلی میں بیلجیئم کی مختلف پاکستانی تنظیموں کے رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔ شرکاء نے عسکری قیادت کے قد آور پوسٹروں سمیت آرمی چیف کے پورٹریٹ بھی اٹھا رکھے تھے۔

ریلی میں ملی نغموں کے دوران شرکاء نے جھنڈے لہرا کر پاکستان اور افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کمیونٹی رہنماؤں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملکی سلامتی اور بقا کی ضمانت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان پوری قوم کا فخر ہیں، فوج نے بڑی قدر قربانیاں دے کر امن کی منزل کو قریب تر کیا۔ تاریخ میں یہ قربانیاں سنہری حروف سے لکھی جاچکی ہیں۔

 آج پاکستان میں جو امن ہے اس کے پیچھے افواج پاکستان کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیاں پوشیدہ ہیں۔ آج ہم اس وطن عزیز کی آزاد فضاؤں میں سکھ اور چین سے زندگی بسر کر رہے ہیں۔ یہ افواج پاکستان کے شہدا کی لازوال قربانیاں ہی ہیں۔ 

اوورسیز پاکستانی اور پاکستان کے عوام اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اس وقت ہمیں آپس میں قومی اتحاد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ ایک وقت تھا کہ جب ہمیں پاکستان کی ضرورت تھی اب وقت ہے کہ پاکستان کو ہماری ضرورت ہے۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حالات کچھ بھی ہوں ہم پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوش حالی  اور افواج پاکستان کی مضبوطی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

ریلی کے اہم راہنماؤں میں ملک محمد اجمل، شیخ ماجد، کونسلر ناصر چوہدری، افتخار احمد پھا بلو، چوہدری محمد اکرم، سردار یاسر خان اور اے آر سید شامل تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.