برازیل میں جزیرے پر پھنس جانے والے ایک باغبان نے 5 روز تک صرف لیموں، کوئلے کے چورے اور سمندری پانی پر زندہ رہ کر ماہرینِ صحت کو حیران کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 51 سالہ نیلسن نیڈی نامی ایک شخص کو برازیل کے ایک جزیرے سے اس وقت ریسکیو کیا گیا جب وہ اپنی موت کے قریب پہنچ گئے تھے اور ٹی شرٹ لہرا کر جان بچانے کے لیے مدد مانگ رہے تھے۔
نیلسن نیڈی اپنے کام کی وجہ سے ریوڈی جنیرو کے مشہور گروماری ساحل پر گئے اور وہاں ایک پتھر پر بیٹھے تھے کہ اچانک ایک تیز لہر نے اُنہیں گرا دیا اور اس کے بعد سمندر کے پانی نے اُنہیں 2 میل دور پہنچا دیا۔
اس طرح وہ گروماری ساحل سے پالما جزیرے پر پہنچ گئے جہاں کوئی انسان، کھانے کی چیز یا کوئی درخت تک نہیں تھا۔
نیلسن نیڈی کو اس جزیرے پر صرف ایک غار نما جگہ ملی جہاں وہ چھپ گئے اور بھوک لگنے پر بہت مشکل سے اُنہیں 2 عدد لیموں اور پانی کی چند بوتلیں ملیں جو وہاں شاید کوئی ماہی گیر چھوڑ گیا تھا۔
انہوں نے وہ لیموں چھلکوں سمیت کھا لیے اور پھر وہ گروماری ساحل کی جانب تیرنے لگے لیکن سمندری لہروں کی شدت کی وجہ سے صرف آدھے راستے تک ہی پہنچ سکے، ناکام ہونے کے بعد وہ دوبارہ پالما جزیرے پر ہی آگئے اور وہاں انہوں نے بھوک لگنے پر جلے ہوئے کوئلے کی راکھ بھی کھائی۔
اسی طرح 5 دن گزر گئے اور پانچویں روز جیٹ اسکی کرتے 2 افراد نے انہیں جزیرے پر دیکھ لیا اور اسپتال پہنچایا جہاں غذا اور طبی امداد دے کر ان کی جان بچا لی گئی۔
Comments are closed.