گزشتہ ماہ محمود چوہدری کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی بختاور بھٹو کے ولیمے کے لباس کے ڈیزائنر کا کہنا ہے کہ اُن کے لباس کی تیاری میں 800 گھنٹے لگے تھے۔
بختاور بھٹو کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں اور صارفین اُن کی ہر تقریب میں اُن کے منفرد انداز کو بےحد پسند بھی کررہے ہیں۔
صارفین کی جانب سے بختاور کے اُن تمام ملبوسات کو بہت پسند کیا جارہا ہے جو اُنہوں نے اپنی شادی کی تقریبات میں زیب تن کیے تھے۔
بختاور بھٹو نے مداحوں کو یہ تو بتا دیا تھا کہ اُن کی رسمِ حنا کی تقریب کا جوڑا ڈیزائنر زارا شاہ جہاں جبکہ نکاح کے دن کا جوڑا وردہ سلیم کا تیار کردہ تھا تاہم اُنہوں نے اپنے ولیمے کے لباس سے حوالے سے کچھ نہیں بتایا تھا۔
اپنے ولیمے کے جوڑے کے ڈیزائنر کے بارے میں بتاتے ہوئے بختاور بھٹو نے انسٹاگرام پر ایک خصوصی اسٹوری شیئر کی۔
بختاور بھٹو نے اپنی انسٹا اسٹوری میں بتایا کہ ’ان کے ولیمے کاجوڑا ڈیزائنر حارث احمد نے تیار کیا تھا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اُنہیں حارث احمد کے باصلاحیت کاریگروں کے ہاتھوں سے گوٹے کے خوبصورت کام سے تیار کردہ جوڑا پہننے پر بےحد فخر ہے۔‘
دوسری جانب ڈیزائنر حارث احمد نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بختاور بھٹو کے ولیمے کے جوڑے کے حوالے سے پوسٹ شیئر کی ہے۔
ڈیزائنر حارث احمد نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ’ہم بےحد خوش ہیں کہ ہمیں سابق وزیراعظم شہید محترمہ بےنظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کے لیے ولیمے کی تقریب کی روایتی شلوار قمیض ڈیزائن کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔‘
حارث احمد نے کہا کہ ’ہم نے ایک ماسٹر پیس تیار کیا تھا جو ناصرف خوبصورت بلکہ دیکھنے میں سحر انگیز بھی لگتا ہے۔‘
اُنہوں نے بختاور بھٹو کے ولیمے کے جوڑے سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں اس ماسٹر پیس کو تیار کرنے میں تقریباََ 800 گھنٹے لگے۔‘
ڈیزائنر حارث احمد نے کہا کہ ’بختاور بھٹو کے ولیمے کے لباس پر بہترین معیار کی زردوزی کا کام ہوا ہے جبکہ اس میں ‘سُچا گوٹہ’ بھی لگایا گیا ہے۔‘
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم نے اُن دھاگوں کو ٹوئسٹ کرکے ایک ایسا ڈیزائن تیار کیا جو روایتی خوبصورتی کی عکاسی کرتا ہے۔‘
واضح رہے کہ بختاور بھٹو اور محمود چوہدری حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔
بختاور بھٹو کی رخصتی کی تقریب میں پیپلز پارٹی کے اراکین اور دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
Comments are closed.