مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ بجلی کے بل ناقابلِ برداشت تھے، جن پر سب سے پہلا احتجاج نواز شریف نے کیا۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ اتحادیوں کی حکومت چاہتی ہے کہ لوگوں کو ریلیف ملے، دنیا بھر میں توانائی کا بحران یوکرین جنگ اور دیگر وجوہات کے باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آئی ایم ایف سے معاہدے اور نالائقی کے باعث ہاتھ باندھ گئی، جس کی قیمت لوگ بھی دے رہے ہیں اور ہم بھی بھگت رہے ہیں۔
طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے سب سے زیادہ وقت سیلاب زدگان کے ساتھ گزارا، ان کے بوٹ پہن کر پانی میں اترنے کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر میٹنگز ہو رہی ہیں، پنجاب اور کے پی حکومتوں کو عمران خان کے جلسے کے سوا کوئی کام نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فکسڈ ٹیکس سے پریشان تاجروں اور بجلی کے بل پر فیول ایڈجسٹمنٹ سے پریشان عوام کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کیا تھا۔
قطر میں پاکستانی عوام سے گفتگو کے دوران شہباز شریف نے تاجروں پر عائد فکسڈ ٹیکس اور 1 کروڑ 71 لاکھ بجلی کے صارفین پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
Comments are closed.