نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ بجلی کے بلوں کے حوالے سے معاہدوں کے خلاف اقدامات نہیں کر سکتے مگر ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر بجلی کی چوری روکنے کے لیے اقدامات کریں گے۔
نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ کسی کو کسی قسم کی سبسڈی نہیں دینی چاہیے، تمام ادارے نقصان میں جا رہے ہیں، یہ ملک سبسڈی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
سرفراز بگٹی نے یہ بھی کہا کہ حلقہ بندیاں مشکل مرحلہ ہوتا ہے، بڑی جماعتوں کو حلقہ بندیوں پر اعتراض ہوتا ہے، بلوچستان میں بھی حلقہ بندیوں پر اعتراض کیا جاتا ہے، حلقہ بندیوں کا عمل بظاہر تین سے چار ماہ کا ہوتا ہے، الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ حلقہ بندیوں کا عمل تیز کرے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہماری کوئی وش لسٹ نہیں، فری اینڈ فیئر الیکشن کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سیکیورٹی ہمارے لیے بہت اہم ہے، سائفر کا کیس حساس نوعیت کا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو فیئر ٹرائل کا اختیار دیا جا رہا ہے، ماضی میں بھی جیلوں میں مقدمات کی سماعت ہوتی رہی ہے، اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا بھی موجود ہوتے ہیں۔
Comments are closed.