نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے فی یونٹ اضافے کی حکومت کی درخواست پرسماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
نیپرا تفصیلات کا جائزہ لے کر اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوائے گا۔
نیپرا کا فیصلہ ملنے کے بعد وفاقی حکومت بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
بجلی کی بنیادی قیمت میں ساڑھے 7 روپے فی یونٹ تک اضافے کی حکومتی درخواست پر سماعت کے دوران نیپرا حکام نے کہا کہ ٹیرف میں اضافے کی بڑی وجہ روپے کی قدر میں کمی اور کیپیسٹی پیمنٹس ہیں۔
چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ کس سلیب کے لیے کتنا اضافہ کرنا ہے یہ حکومت کا کام ہے، یہ سیاسی اور انتظامی فیصلہ ہے جو حکومت نے کرنا ہے۔
ممبر نیپرا رفیق شیخ نے سوال کیا کہ وہ کون سا قانون ہے جو حکومت کو سبسڈی دینے کا تعین کرتا ہے؟ کس سلیب کو کتنی سبسڈی دینی ہے حکومت کو یہ اختیار کون سا قانون دیتا ہے؟
پاور ڈویژن کےحکام نے بتایا کہ حکومت بجلی کے صارفین کو 158 ارب روپے کی سبسڈی دے گی، 200 یونٹ تک کے صارفین کے لیے کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ پروٹیکٹڈ کو سبسڈی دینے سے دیگر صارفین پر بوجھ پڑ رہا ہے۔
پاور ڈویژن کےحکام نے بتایا کہ ملک میں 40 فیصد صارفین خطِ غربت سے نیچے رہ رہے ہیں، ان بجلی کے صارفین کو حکومت سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔
ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ دنیا میں بجلی کے کیا ریٹس چل رہے ہیں اور پاکستان میں کیا صورتِ حال ہے؟
اپٹما کے نمائندے نے کہا کہ ٹیرف میں صرف 1 فیصد اضافے سے بھی برآمدات پر منفی اثرات پڑتا ہے، کمرشل اور بل بورڈز کو کمرشل ٹیرف دیا جا رہا ہے، اگر وہ متبادل پر جائیں تو ان کو 300 روپے فی یونٹ پڑتا ہے، بجلی کی کمپنیاں اپنے نقصانات زیادہ ہونے یا ریکوریز کم ہونے پر لوڈشیڈنگ شروع کر دیتی ہیں، حالیہ بارشوں کے دوران بجلی کے 22 ہزار میٹرز جل گئے، تو یہ کیسے جل گئے؟
ممبر نیپرا رفیق شیخ نے ہدایت کی کہ پاور ڈویژن بجلی صارفین کے لیے سبسڈی کا اکنامک کیس بنا کر بتائے۔
پاور ڈویژن کے حکام نے کہا کہ حکومت 90 فیصد صارفین کو سبسڈِی دے رہی ہے۔
ممبر نیپرا مقصود خان نے کہا کہ گھریلو صارفین کو سبسڈی دے رہے ہیں تو انڈسٹری کو بٹھا رہے ہیں۔
نیپرا نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے فی یونٹ اضافے کی حکومت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
نیپرا تفصیلات کا جائزہ لے کر اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوائے گا، جس کے بعد وفاقی حکومت بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
Comments are closed.