منگل 11؍صفر المظفر 1445ھ29؍اگست 2023ء

بجلی بلوں پر ریلیف، نگراں حکومت کا آئی ایم ایف سے رجوع کا فیصلہ

وفاقی کابینہ نے وزارت توانائی کی سفارشات پر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت ہوا۔ تیسرے اجلاس میں بھی عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق وزارت توانائی نے وفاقی حکومت کو تجویز دی کہ اس معاملے میں آئی ایم ایف سے رجوع کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق وزارت توانائی نے کابینہ کو بتایا کہ بجلی بلوں میں عوام کو ریلیف آئی ایم ایف کی منظوری کے بعد ہی دیا جاسکتا ہے۔

ادھر وزارت خزانہ کے ذرائع نے کہا ہے کہ بجلی بلوں پر ممکنہ ریلیف پر آئی ایم ایف کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ہے۔

بجلی کے بلوں میں ٹیکسیشن میں کمی آئی ایم ایف کو اعتماد میں لیے بنا نہیں کی جاسکتی اور بلوں میں ٹیکسیشن میں کمی کی تو آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس اور ٹیکسیشن کیلئے آئی ایم ایف سے معاہدہ طے ہوا ہے جس کے تحت سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کو بجلی بلوں میں ریلیف نہیں دیا جاسکتا۔

ذرائع کے مطابق دسمبر تک سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4.37 روپے مزید فی یونٹ مہنگا ہوگا جس کے بعد سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 122 ارب وصول کیے جائیں گے۔

اس سے قبل کابینہ اجلاس میں طے پایا کہ آئی ایم ایف شرائط دیکھنے کے بعد بجلی بلوں پر ریلیف کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.