چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پالیسیوں سے ملک کو دہشتگردی کا سامنا ہے، ماضی میں دہشتگردوں کو جیلوں سے نکالا گیا۔ ان پالیسیوں سے پاکستانیوں کو پھر قربانیاں دینی پڑ رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے ساتھ وزارت داخلہ میں شہداء وال کے دورے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
اپنے اس دورے کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ محترمہ بینظیر بھٹو کی تصویر بھی شہداء وال پر اپنے ہاتھوں سے نصب کی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہداء اور سیاستدان جو دہشتگردی کا شکار ہوئے ان کے پورٹریٹ لگائے گئے۔ شہداء کی قربانیوں سے پاکستان میں امن قائم ہوا، یہ بہت اچھا اقدام ہے جو سرفراز بگٹی نے لیا ہے۔
دیگر امور پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان میں امن قائم ہوا، دہشت گردی کو ملک سے ختم کردیا گیا تھا۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ پارلیمان اور عوام سے پوچھے بغیر فیصلہ لیا گیا اور دہشتگردوں کو انگیج کیا گیا۔ ان دہشتگردوں کو پھر پاکستان پر مسلط کردیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جگہ جگہ ایک بار پھر دہشتگردی نظر آرہی ہے، ہماری فوج اور پولیس دہشت گردی کے نشانے پر ہیں۔ مسلسل کوشش کے بعد ملک کو ان دہشت گردوں سے پاک کروایا تھا۔
انکا کہنا تھا کہ پارلیمان کی منظوری کے بغیر راتوں رات یوٹرن لیا گیا، پاکستان کے عوام اس کے نتائج بھگت رہے ہیں۔ ایک بار پھر دہشتگردی کو شکست دینے کےلیے عوام اور پولیس و فوج کو قربانی دینا ہوگی۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے اس فیصلے کی تحقیقات ہونا چاہئیں کہ اس کے پیچھے کیا محرکات تھے؟ عوام کو یقین دلانا ہوگا کہ آنے والے دنوں میں پھر ایسا یوٹرن نہ لیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو واپس بلایا گیا، ان دہشتگردوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مسلسل افغانستان سے رابطے کرتے رہیں گے، پاکستان اور افغانستان دہشتگردی سے اسی وقت پاک ہوسکتے ہیں جب مل کر دہشت گردی سے لڑیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تحقیقات کی جائیں کہ پروسیجرز فالو کیے بغیر طالبان کو واپس آنے کی اجازت دی گئی۔ ان تحقیقات کی روشنی میں ہمیشہ کے لیے ایسے فیصلوں کو روکنا ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیر پر بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول نہیں، بھارت اقوام متحدہ کے مؤقف کو نہیں مانتا۔ بھارت بار بار عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں سے انحراف نہیں کرسکتا، کشمیر ایک تنازع ہے جو حل طلب ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم فری اینڈ فیئر انتخابات پر یقین رکھتے ہیں۔ ایک فرد ایک ووٹ پر ہم یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز اور پیپلز پارٹی دونوں پلیٹ فارمز سے انتخابات میں حصہ لیتے ہیں۔
نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ میں شہدا وال کا افتتاح کیا، سویلین شہدا کے پورٹریٹ لگائے گئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہدا کے لواحقین کو چاروں صوبوں سے بلایا گیا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقید پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر پاکستان اور دنیا کی بڑی لیڈر تھیں۔
Comments are closed.