اسلام آباد: ہائی کورٹ نے توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اپیلوں پر ڈویژن بینچ بنانے کے لیے فائل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوا دی۔
توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی اپیل پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ اور شعیب شاہین عدالت میں پیش ہوئے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ لگتا ہے یہ کیس غلطی سے اس کورٹ میں آگیا ہے، ڈویژن بنچ کا ہے، اس کیس میں نیب خود ایک پارٹی ہے۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ جج محمد بشیر کی خاصیت ہے، ان کے پاس سب بڑے کیسز لگے ہوئے ہیں۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے لطیف کھوسہ کو جج محمد بشیر پر بات کرنے سے روکتے ہوئے ریمارکس دیے کہ جج محمد بشیرپربات نہ کریں، وہ بار بار میری سفارش پر تعینات ہوئے، اس کیس کو دوبارہ مقرر کرنے کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھجواتے ہیں۔
دریں اثنا عدالت نے اپیلوں پر ڈویژن بینچ بنانے کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔
Comments are closed.