بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی غیر شرعی نکاح کیس: صحافیوں کی کمرۂ عدالت میں موجودگی یقینی بنانے کا حکم
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی گزشتہ سماعت کا حکم نامہ جاری کر دیا۔
سول جج قدرت اللّٰہ نے فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔
عدالت نے حکم نامے میں سپرنٹنڈنٹ جیل کو صحافیوں کی کمرۂ عدالت میں موجودگی یقینی بنانے کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مقدمے سے متعلق تمام دستاویزی کاپیاں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو فراہم کی جاتی ہیں، بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی پر فرد جرم 10 جنوری کو عائد کی جائے گی۔
عدالت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء نے پبلک اور صحافیوں کی وافر تعداد کو عدالت تک رسائی کی استدعا کی۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ سیکیورٹی اور کمرۂ عدالت کی گنجائش کے مطابق صحافیوں کی تعداد کا تعین کرنا سپرنٹنڈنٹ جیل کا اختیار ہو گا۔
Comments are closed.