منگل8؍ربیع الثانی 1445ھ24؍اکتوبر 2023ء

باقی میچز جیت کر ٹاپ فور میں آنے کی کوشش کریں گے، افتخار احمد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر افتخار احمد نے کہا ہے کہ باقی سارے میچ جیت کر ٹاپ فور میں آنے کی کوشش کریں گے۔

افغانستان سے شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو میں افتخار احمد نے کہا کہ یہ وقت 300 سے زائد رنز کا تھا، ہمارے اسپنرز متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔

چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں پیر کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو مقامی فینز کی سپورٹ حاصل رہی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بولنگ ورلڈ نمبر ون ہے مگر وہ توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کر پا رہی، ہم باؤنس بیک کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ ٹیم کے ساتھ اپ ڈاؤن ہوتا ہے، اس وقت ہمارا ڈاؤن چل رہا ہے، ہمارے ہاتھ میں کوشش ہے اور ہم خود کو اٹھانے کی پوری کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب مار پڑ رہی ہوتی ہے تو ہر ٹیم کا مورال ڈاؤن ہوجاتا ہے، میچ میں بولرز نے جان ماری دراصل ہمیں بطور بیٹنگ یونٹ بہتر کرنا پڑے گا۔

افتخار احمد نے یہ بھی کہا کہ آج افغانستان نے ہم سے اچھی کرکٹ کھیلی، ان کو کریڈیٹ دیں، ہم نے اپنا پلان کیا تھا مگر ہم اس پر عمل نہ کرسکے۔

پاکستان نے افغانستان کو جیت کےلیے 283 رنز کا ہدف دیا تھا جو افغانستان نے 49ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم میچ میں انوالو ہوتا ہے لیکن یہ تھا کہ بولرز کو بولرز ہی مشورہ دیں گے۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ افغانستان نے ہمارے مقابلے میں کم بری گیندیں کیں، ہم نے بہت بری گیندیں کیں، جب آپ برا گیند کرتے ہیں تو پھر پریشر آجانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیلڈنگ میں جان تو مار رہے تھے لیکن غلطیاں بھی کیں، جب آپ ورلڈ کلاس کرکٹ کھیلتے ہیں تو آپ کو تینوں شعبوں میں اچھا کرنا ہوتا ہے، بس اب یہی ہے کہ خود کو بہتر کریں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.