جمعیت علما اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے باجوڑ میں پارٹی کے ورکرز کنونشن میں دھماکے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے واقعہ کی انکوائری کا مطالبہ کردیا۔
جے یو آئی (ف) کے اعلامیے میں کہا گیا کہ مولانا فضل الرحمان نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی کے کارکنان اسپتال پہنچ کر خون کے عطیات دیں، جے یو آئی کے کارکن پُرامن رہیں، وفاقی و صوبائی حکومت زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرے۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے صدر مقام خار میں جمیعت علما اسلام کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 40 ہوگئی۔
دھماکے میں جیو نیوز کے کیمرہ مین سمیع اللّٰہ بھی شدید زخمی ہوئے ہیں، دھماکے میں 80 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے میں جمعیت علما اسلام کے کئی مقامی عہدیدار بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔
تحصیل خار کے امیرضیا اللّٰہ جان اور تحصیل ناواگئی کے جنرل سیکریٹری حمیداللّٰہ حقانی بھی جاں بحق ہوئے۔
Comments are closed.