قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے اُن سوالات کے جواب دے دیے جو گوگل پر اُن کے بارے میں سب سے زیادہ سرچ ہوتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹوئٹر ہینڈل پر بابر اعظم کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں وہ اُن سوالات کے جواب دے رہے ہیں جو گوگل پر اُن کے بارے میں سب سے زیادہ سرچ کیے جاتے ہیں۔
بابر اعظم سے پہلا سوال کیا گیا کہ ’وہ کس شہر میں رہتے ہیں؟ جس پر اُنہوں نے بتایا کہ ’پاکستان کے شہر لاہور میں مقیم ہیں جہاں کی خاصیت وہاں کے لذیذ پکوان ہیں۔‘
کپتان سے دوسرا سوال کیا گیا کہ ’وہ کونسا بلّا استعمال کرتے ہیں؟ جس پر اُنہوں نے بتایا کہ ’وہ گِرے نیکولس‘ کا بلّا استعمال کرتے ہیں اور مختلف دوروں کے حساب سے اس بلّے کا وزن ہوتا ہے جبکہ وہ اپنے ساتھ ہر دورے پر تقریباََ 6 سے 7 بلّے رکھتے ہیں۔‘
ایک سوال اُن سے یہ بھی پوچھا گیا کہ ’وہ کتنا کما لیتے ہیں؟ جس پر بابر اعظم نے مُسکراتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ کی سوچ سے کم ہی کما لیتا ہوں۔‘
بابر اعظم سے یہ بھی سوال کیا گیا کہ ’وہ شادی کب کر رہے ہیں؟ جس پر کپتان نے شرماتے ہوئے پنجابی زبان میں کہا کہ اس کے بارے میں تو میرے گھر والوں کو معلوم ہے لیکن ابھی میرا فوکس صرف کرکٹ پر ہے۔‘
کپتان سے آخری سوال یہ کیا گیا کہ ’اُن کا آئیڈیل کون ہے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ اے بی ڈی ویلیئرز میرے آئیڈیل ہیں، میں نے ہمیشہ سے اُن کو کاپی کیا ہے۔‘
Comments are closed.