قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ وہ بابر اعظم کی جگہ ٹی20 میں عماد وسیم کو کپتان دیکھ رہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’ہارنا منع ہے‘ میں محمد عامر، سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق اور عماد وسیم نے شرکت کی۔
اس موقع پر محمد عامر نے کہا کہ جب آپ ہارتے ہیں تو ٹھیک کرنے کےلیے کچھ تو کرنا ہی پڑتا ہے، بابر اعظم کے خلاف کوئی بھی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بابر اعظم سے ورلڈ کپ میں خراب پرفارمنس کی وجوہات تو پوچھنی چاہئیں۔
فاسٹ بولر نے یہ بھی کہا کہ وہ ٹی20 ٹیم کا کپتان بابر اعظم کے بجائے عماد وسیم کو دیکھ رہے ہیں۔
عبدالرزاق نے کہا کہ بابر اعظم پاکستان کے اچھے کھلاڑی ہیں، ہمیں کسی کے ساتھ پسند یا ناپسند نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی سیٹ ہر بندہ پسند کرتا ہے، مجھے بورڈ میں کام کرنے کا موقع ملا تو نیک نیتی کے ساتھ پرفارم کروں گا۔
سابق آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ پی سی بی کی سیٹ پر جو بھی بیٹھتا ہے، وہ سب کچھ اپنے طریقے سے کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
عماد وسیم نے کہا کہ ہمیشہ ہی یہ ہوتا ہے کہ کوچ اور کپتان تبدیل ہوتے ہیں، اس بار بھی لگ رہا ہے کہ تبدیل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بولنگ نے زیادہ میچ جتوائے ہیں، وائٹ بال کرکٹ تبدیل کرنی پڑے گی، ہمارے اسپنرز کی پرفارمنس خراب ہوئی، جس کا ہمیں نقصان ہوا۔
Comments are closed.