پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں اپنے کیریئر کی چھٹی سنچری مکمل کی، یہ سنچری انہوں نے دو سال بعد اسکور کی ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان ٹیم 506 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کر رہی ہے جہاں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ان کے ساتھ وکٹ پر موجود عبداللّٰہ شفیق قومی ٹیم کو شکست سے بچانے کی امید بن گئے۔
ٹیسٹ کرکٹ کے ریکارڈ ٹوٹل کے ہدف کے تعاقب میں جہاں قومی ٹیم کے ابتدائی دو بلے باز صرف 21 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے تھے ایسے میں کپتان بابر اعظم نے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری بناکر ٹیم بیٹنگ لائن کو سہارا دیا جبکہ ان کا ساتھ 71 رنز پر ناقابلِ شکست عبداللّٰہ شفیق نے دیا۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان کی ٹیسٹ کرکٹ میں یہ پورے دو سال بعد اور اننگز کے اعتبار سے 21ویں اننگز میں دوسری سنچری ہے۔
آخری مرتبہ بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف فروری 2020 میں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سنچری اسکور کی تھی۔
قومی ٹیم کے کپتان نے اس سنچری کے بعد سے 20 اننگز میں اپنی قسمت آزمائی جس میں سے وہ 6 مرتبہ نصف سنچری تو بناسکے لیکن اسے سنچری میں منتقل کرنے میں ناکام رہے تھے۔
Comments are closed.