بدھ4؍جمادی الثانی 1444ھ28؍دسمبر 2022ء

بابر اعظم فلو کا شکار، سرفراز کپتان مقرر

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم فلو کا شکار ہو گئے ہیں۔

کراچی ٹیسٹ کے تیسرے دن بابر اعظم فیلڈنگ کے لیے نہیں آئے ہیں، سرفراز احمد ان کی جگہ کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کچھ کھلاڑی وائرل فلو  کا شکار ہو گئے ہیں جن میں بابر اعظم بھی شامل ہیں اور اسی وجہ سے وہ آج کے کھیل میں حصہ نہیں لے رہے۔

محمد رضوان پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں لیکن فیلڈنگ سیٹ کرتے دکھائی دیے، آئی سی سی قانون کے مطابق 12 واں کھلاڑی فیلڈ میں کپتانی نہیں کر سکتا۔

کراچی ٹیسٹ میں میچ ریفری کی مداخلت کے بعد سرفراز احمد کپتانی کر رہے ہیں، میچ ریفری نے ٹیم انتظامیہ کو بتایا کہ متبادل کھلاڑی کپتانی نہیں کر سکتا۔

میچ ریفری اور امپائرز کی مداخلت کے بعد محمد رضوان کو کپتانی سے روک دیا گیا، نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں اب کپتانی سرفراز احمد کر رہے ہیں۔

محمد رضوان پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان ہیں لیکن وہ اس ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

نیوزی لینڈ کے بیٹر ڈیون کونوے کا ریویو کا فیصلہ سرفراز احمد نے کیا، وہ 92 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور سلمان آغا کے بعد میڈیا منیجر بھی فلو میں مبتلا ہو گئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ میڈیا منیجر احسن ناگی ہوٹل سے گراؤنڈ نہیں آئے۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے، شان مسعود بھی فلو کی وجہ سے صبح تاخیر سے فیلڈ میں آئے تھے۔

کراچی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل شروع ہو گیا ہے، نیوزی لینڈ کی پہلی نامکمل اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم 438 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی تھی، کپتان بابر اعظم اور آغا سلمان نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔

بابر اعظم نے 161 رنز اور آغا سلمان نے 103 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.