انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے ڈبل سنچری پارٹنر شپ بنا کر بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان نے یہ ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے آخری اوور میں حاصل کرلیا۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم 11 چوکوں اور 5 چھکوں کے ساتھ 66 گیندوں پر 110 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے تو محمد رضوان نے 51 گیندوں پر 5 چوکے اور 4 چھکوں کی بدولت 88 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
گزشتہ میچ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے ایلکس ہیلز نے اس مرتبہ 26 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
اس مجموعے پر شاہنواز دہانی نے پہلے ہیلز اور پھر اگلی ہی گیند پر ڈاؤڈ ملان کو بھی بولڈ کردیا۔
اس کے بعد اوپنر فل سالٹ اور بین ڈکِٹ نے اپنی ٹیم کو سنبھالا اور 53 رنز کی برق رفتار شراکت بنادی۔
95 کے مجموعے پر حارث رؤف نے 30 رنز بنانے والے اوپنر فل سالٹ کو بولڈ کرکے اس خطرناک نظر آتی ہوئی پارٹنرشپ کو بریک لگائی۔
محمد نواز نے 101 کے مجموعے پر 43 رنز بنانے والے بین ڈکِٹ کو بھی چلتا کیا، لیکن اس کے بعد کپتان معین علی اور ہیری بروکس کے درمیان صرف 27 گیندوں پر 59 رنز کی پارٹنر شپ نے انگلینڈ کی اننگز کی رفتار کو ہی تبدیل کردیا۔
دونوں 17ویں اوور میں اسکور کو 160 رنز پر لے گئے جہاں 31 رنز بنانے والے ہیری بروکس حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
دوسری جانب وکٹ پر موجود کپتان معین علی کا بلہ رنز اگلتا رہا، انہوں نے 23 گیندوں پر چار چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 199 رنز بنائے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انگلش کپتان معین علی کا کہنا تھا کہ وکٹ تازہ نہیں لگ رہی، اس پر کریکس موجود ہیں جبکہ ہمارے پاس ٹیم میں تین اسپنرز ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاؤسن کی گلیسن کی جگہ پر ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اس وکٹ پر 150 سے 160 رنز کا ہدف قابلِ عبور ہوگا۔
ساتھ میں انہوں نے بتایا کہ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے جہاں نسیم شاہ کی جگہ پر محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
بابر اعظم کی قیادت میں اترنے والی پاکستان ٹیم میں محمد رضوان، حیدر علی، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، شاہنواز دہانی، محمد حسنین، حارث رؤف اور عثمان شامل ہیں۔
انگلینڈ کی ٹیم کپتان معین علی، فل سالٹ، ایلکس ہیلز، ڈاؤڈ ملان، بین ڈکِٹ، ہیری بروک، سیم کرن، ڈیوڈ وِلی، لیام ڈاؤسن، عادل رشید، لیوک ووڈ پر مشتمل ہے۔
Comments are closed.