بلغاریہ کی نامور خاتون نجومی آنجہانی بابا وانگا نے گزشتہ برسوں کی طرح 2022ء میں رونما ہونے والے واقعات کی بھی پیش گوئیاں اپنے مرنے سے قبل کی تھیں جن میں سے 2 پوری ہوگئیں۔
بلغاریہ کی زبان میں ’بابا‘ دادی یا نانی کو کہا جاتا ہے اور یہ خاتون ایک حادثے میں نابینا ہوگئی تھیں، بابا وانگا جنوری 1911ء میں بلغاریہ میں پیدا ہوئی تھیں اور وہ ایک مشہور مذہبی پیشوا اور جڑی بوٹیوں کی حکیم تھیں۔
ان کے متعلق مشہور تھا کہ وہ غیر معمولی اور پُراسرار صلاحیتوں کی مالک ہیں اور ان کے علاج سے بیمار ٹھیک ہو جاتے تھے۔
کہا جاتا ہے کہ بابا وانگا نے روسی زوال، چرنوبل ایٹمی حادثے، 2004ء میں انڈونیشیا میں آئے سونامی، 11 ستمبر 2001ء کے ورلڈ ٹریڈ ٹاور حملوں کی پیش گوئی کی تھی تاہم ان کی بعض پیش گوئیاں غلط بھی ثابت ہوئی ہیں۔
بابا وانگا کا انتقال 11 اگست 1996ء کو ہوا تھا، انہیں بلقان کی نوسٹراڈیمس بھی کہا جاتا ہے۔
سال 2022ء کے لیے بابا وانگا نے پیش گوئی کی تھی کہ کئی ایشیائی ممالک اور آسٹریلیا سیلاب کے شدید جھٹکے سے متاثر ہوں گے۔
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ پیش گوئی درست ثابت ہو چکی ہے کیونکہ رواں سال ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور سیلاب نے آسٹریلیا کے مشرقی ساحل پر سال کے بیشتر حصے میں تباہی مچا دی ہے۔
دوسری جانب بھارت اور بنگلا دیش کے شمال مشرقی حصوں کے ساتھ ساتھ تھائی لینڈ جیسے ممالک بھی بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔
بابا وانگا نے یہ بھی پیش گوئی کی تھی کہ خشک سالی کے نتیجے میں بڑے شہر پانی کی قلت کا شکار ہوں گے۔
پرتگال اور اٹلی نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے پانی کے استعمال کو محدود کریں، کہا جاتا ہے کہ اٹلی 1950ء کی دہائی کے بعد بدترین خشک سالی سے گزر رہا ہے۔
Comments are closed.